مصنف
حجت الاسلام محسن قرائتی
موضوع
قرآنی سوالات و جوابات
میسجز
180+ میسجز

اگر آپ بینرز کے لیے اعلیٰ کوالٹی کے پوسٹرز چاہتے ہیں تو ہم سے رابطہ کریں۔

موضوع کی تفصیل
قرآن کی مشهور “تفسیر نور” جس میں حجت الاسلام و المسلمین محسن قرائتی نے عام فہم مثالوں کے ذریعے مشکل نکات کو انتہائی آسان زبان میں بیان کیا ہے. یہ سیریز انہیں مثالوں کو سوالات و جوابات کی شکل میں جمع کرنے والی کتاب “تمثیلات تفسیر نور” سے انتخاب کی گئی ہے
سیریز کے مکمل میسجز

سوال: ہر کام کے شروع میں “بسم الله” کی تاکید کیوں کی گئی ہے؟

جواب: “بسم الله” مسلمان ہونے کا لوگو (logo) اور نشانی ہے اور ضروری ہے کہ اس کے سارے کام الهی رنگ میں ڈھلے ہوئے ہوں.

اسی طرح جیسے ایک کارخانے کی مصنوعات اور بنائی ہوئی چیزوں پر اس کارخانے کا لوگو اور علامت ہوتی ہے؛ چاہے پوری ہو یا اس کا کچھ حصہ. مثلاً چینی کے برتن بنانے والا ایک کارخانہ تمام برتنوں پر اپنی علامت لگاتا ہے، چاہے برتن چھوٹے ہوں یا بڑے. یا ہر ملک کا پرچم، اس ملک کے تمام اداروں، اسکولز اور چھاونیوں پر لگا ہوتا ہے، اور اسی طرح سمندروں میں اس ملک کے جہازوں پر اور اداروں کے ملازمین کی میزوں پر بھی.

تمثيلات تفسير نور، ص: 11

الم (سوره بقره: 1)

سوال: قرآن کے حروف مقطعہ کے بارے میں بہترین نظر کیا ہے؟

جواب: قرآن کے حروف مقطعہ کے بارے میں شاید بہترین نظر یہ ہو کہ قرآن کہ جو الله تعالی کا معجزه ہے، انہیں حروف “الف ب” سے لکھا گیا ہے کہ جو سب کی دسترس میں ہے،

اگر تم بھی طاقت رکھتے ہو تو انہیں حروف سے ایک معجزاتی کلام لے آؤ!

جی ہاں، خداوندِ عالم حروف ”الف ب” سے، معجزه کی کتاب نازل کرتا ہے، اسی طرح جس طرح مٹی سے سینکڑوں قسم کے پھل، سبزیاں اور پھول پودے پیدا کرتا ہے اور انسان کو اسی مٹی سے بناتا ہے. لیکن انسان کا زیاده سے زیاده ھنر یہ ہے کہ مٹی سے اینٹیں بناتا ہے!

تمثيلات تفسير نور، ص: 12

ذلِكَ الكِتَابُ لَا رَيْبَ فِيهِ هُدىً لِّلْمُتَّقِينَ‏

یہ وہ کتاب ہے جس میں کسی طرح کے شک و شبہ کی گنجائش نہیں ہے. یہ صاحبانِ تقویٰ اور پرہیزگار لوگوں کے لئے مجسم ہدایت ہے. (سوره بقره: 2)

سوال: اگر سوره بقره کی آیت 185 کے مطابق قرآن سب لوگوں کے لئے ہدایت کا وسیلہ ہے، تو پھر کیوں اس آیت میں فرمایا: “هُدی لِلمُتّقین”؟

جواب: جی ہاں، قرآن سب لوگوں کی ہدایت کا وسیلہ ہے؛ “هدی للنّاس” سورج کی طرح سب پر چمکتا ہے، لیکن صرف وہی لوگ اس سے فائده اٹھاتے ہیں جو پاک فطرت رکھتے ہیں اور حق کے سامنے متواضع ہوتے ہیں؛

“هدی للمتّقین”، جس طرح سورج کی روشنی صرف صاف شیشہ سےگذرتی ہے نہ مٹی اور اینٹ سے.

اس لئے فاسق، ظالم، کافر، مردہ دل، اسراف کرنے والے اور جھوٹ بولنے والے لوگ قرآن کی ہدایت سے فائدہ نہیں اٹھاتے.

تمثيلات تفسير نور، ص: 12

يُخَادِعُونَ اللَّهَ وَ الَّذِينَ آمَنُواْ وَ مَا يَخْدَعُونَ إِلّا أَنْفُسَهُمْ وَ مَا يَشْعُرُون‏

یہ خدا اور صاحبان ایمان کو دھوکہ دینا چاہتے ہیں حالانکہ اپنے ہی کو دھوکہ دے رہے ہیں اور سمجھتے بھی نہیں ہیں (سوره بقرة، آیت 9)

سوال) جبکہ منافقین خدا اور رسولؐ کو دهوکہ دیتے ہیں تو پهر خدا کیوں فرماتا ہے کہ ”یہ صرف اپنے آپ کو دهوکہ دے رہے ہیں”؟

جواب) یہ منافقین کا خدا کو دهوکہ دینا:

یا احکام خدا اور دین خدا کے ساتھ ان کی دهوکے بازی اور نفاق کا نتیجہ ہے کہ وه دین کا مذاق بناتے ہیں اور اسے کھیل تماشہ قرار دیتے ہیں؛

یا پھر اس کا مطلب رسول خداؐ کو دهوکہ دینا ہے یعنی جس طرح رسول خداؐ کی اطاعت اور بیعت، الله تعالی کی بیعت اور اطاعت ہے اسی طرح رسول خداؐ کو دهوکہ دینا خود الله تعالی کو دهوکہ دینا ہے اور واضح ہے کہ دین کے ساتھ اس طرح کی دهوکہ بازی دراصل خود کو دهوکہ دینا ہے.

اسی طرح جس طرح اگر ڈاکٹر نسخہ لکھ کر دے اور مریض جھوٹ بولے کہ میں نے دوائیاں کھا لی ہیں تو یہ خیال کرتا ہے کہ میں نے ڈاکٹر کو دھوکہ دیا ہے جبکہ دراصل اس نے اپنے آپ ہی کو دهوکہ دیا ہے اور ڈاکٹر کا دهوکا دراصل اس کا اپنا دهوکا ہے.

تمثيلات تفسير نور، ص: 13

فِى قُلُوبِهِمْ مَّرَضٌ فَزَادَهُمْ اللَّهُ مَرَضاً وَ لَهُمْ عَذَابٌ أَلِيمٌ بِمَا كَانُواْ يَكْذِبُون‏

ان کے دلوں میں بیماری ہے اور خدا نے نفاق کی بنا پر اسے اور بھی بڑھا دیا ہے. اب اس جھوٹ کے نتیجہ میں انہیں درد ناک عذاب ملے گا (سوره بقرة، آیت 10)

سوال) ”الله تعالی منافق کی بیماری کو بڑها دیتا ہے” سے کیا مراد ہے؟

جواب) منافق ایک بدبودار مردار اور لاش کی طرح ہے کہ جو پانی کے بڑے ذخیرے میں گر گیا ہو. اس پانی کے ذخیرے میں جتنا اضافہ ہو گا اس کی گندگی، بدبو اور آلودگی میں اور اضافہ ہو گا.

ہر آیت اور حکم جو الله تعالی کی طرف سے نازل ہو تو اس کے سامنے تسلیم ہونے کے بجائے ریاکاری اور ظاہری عمل کے ذریعے اپنے نفاق میں ایک قدم اور آگے بڑھ جائے گا.

یہ بیمار روح اس کے تمام افکار و اعمال کو ریاکای اور اپنا ظاهر اچھا دکھانے میں تبدیل کر دے گی اور یہ ایک طرح سے بیماری میں اضافہ ہے.

یہی جواب سوره انبیا کی آیت 36 کے بارے میں بھی ہے کہ کفار رسول اللهؐ کو دیکھنے سے زیاده ضدی ہو جاتے ہیں.

”اور جب بھی یہ کفّار آپ کو دیکھتے ہیں تو اس بات کا مذاق اُڑاتے ہیں کہ یہی وہ شخص ہے جو تمہارے خداؤں کا ذکر کیا کرتا ہے اور یہ لوگ خود تو رحمان کے ذکر سے انکار ہی کرنے والے ہیں”.

تمثيلات تفسير نور، ص: 14

يكَادُ الْبَرْقُ يَخْطَفُ أَبْصَارَهُمْ كُلَّمَآ أَضَآءَ لَهُم مَّشَوْاْ فِيهِ وَ إِذَآ أَظْلَمَ عَلَيْهِمْ قَامُواْ وَ لَوْ شَآءَ اللَّهُ لَذَهَبَ بِسَمْعِهِمْ وَ أَبْصَارِهِمْ إِنَّ اللَّهَ عَلَى كُلِّ شَى‏ءٍ قَدِيرٌ

قریب ہے کہ بجلی ان کی آنکھوں کو چکاچوندھ کردے کہ جب وہ چمک جائے تو چل پڑیں اور جب اندھیرا ہوجائے تو ٹھہر جائیں. خدا چاہے تو ان کی سماعت و بصارت کو بھی ختم کرسکتا ہے کہ وہ ہر شے پر قدرت و اختیار رکھنے والا ہے (سوره بقره: 20)

سوال: اس (آیت) میں آیا ہے کہ “خداوند عالم ہر شے پر قدرت و اختیار رکھنے والا ہے”، یہ کچھ ناممکن کاموں کے ساتھ کس طرح سازگار ہے؟

جواب: جب بھی کہا جائے کہ خداوند عالم ہر چیز پر قادر ہے، اس سے مراد ممکن کام ہیں.

مثلاً اگر ہم کہیں کہ فلاں شخص ریاضی دان ہے، اس کا مطلب یہ نہیں ہے کہ وه (2+2) کا جواب 5 لا سکتا ہے. کیونکہ یہ کام ناممکن ہے، نہ یہ کہ وه ریاضی دان اس کو جمع کرنے کی قابلیت نہیں رکھتا.

تمثيلات تفسير نور، ص: 15

و بَشِّرِ الَّذِينَ آمَنُواْ وَ عَمِلُواْ الصَّالِحَاتِ أَنَّ لَهُمْ جَنَّاتٍ تَجْرِى مِن تَحْتِهَا الْأَنْهَارُ كُلَّمَا رُزِقُواْ مِنْهَا مِنْ ثَمَرَهٍ رِّزْقاً قَالُواْ هَذَا الَّذِى رُزِقْنَا مِن قَبْلُ وَ أُتُواْ بِهِ مُتَشَابِهاً وَ لَهُمْ فِيهَا أَزْوَاجٌ مُّطَهَّرَهٌ وَ هُمْ فِيهَا خَالِدُونَ

پیغمبر آپ ایمان اور عمل صالح والوں کو بشارت دے دیں کہ ان کے لئے ایسے باغات ہیں جن کے نیچے نہریں جاری ہیں. انہیں جب بھی وہاں کوئی پھل دیا جائے گا تو وہ یہی کہیں گے کہ یہ تو ہمیں پہلے مل چکا ہے. حالانکہ وہ صرف اس کے مشابہ ہوگا اور ان کے لئے وہاں پاکیزہ بیویاں بھی ہوں گی اور انہیں اس میں ہمیشہ رہنا بھی ہے (سوره بقره: 25)

سوال: ایمان کے عمل صالح پر مقدم ہونے کی وجہ کیا ہے؟

جواب: قرآن میں عمومی طور پر ایمان اور عمل صالح ایک دوسرے کے ساتھ بیان ہوئے ہیں لیکن ایمان عمل صالح پر مقدم قرار پایا ہے.

ہاں! اگر کمره اندر سے نورانی ہو تو اس کی کرنیں کھڑکیوں اور سوراخوں سے باہر آ جائیں گی. ایمان انسان کو اندر سے نورانی کر دیتا ہے اور نورانی دل انسان کے تمام کاموں کو (نورانی) کر دیتا ہے.

تمثيلات تفسير نور، ص: 15، 16

الَّذِينَ يَظُنُّونَ أَنَّهُمْ مُّلَاقُواْ رَبِّهِمْ وَ أَنَّهُمْ إِلَيْهِ رَاجِعُونَ‏

اور جنہیں یہ خیال ہے کہ انہیں اللہ سے ملاقات کرنا ہے اور اس کی بارگاہ میں واپس جانا ہے (سوره بقره: 46)

سوال: کیا الله تعالی سے قیامت میں ملاقات کا مطلب اسے دیکھنا ہے؟

جواب: نہیں ”لقاء” کا مطلب دیکھنا نہیں بلکہ یہ حاضر ہونے کے معنی میں ہے. اسی طرح جس طرح نابینا انسان کسی کے پاس جاتا ہے تو کہتا ہے کہ میں نے اس سے ملاقات کی اگرچہ اس نے اسے نہیں دیکھا!

تمثيلات تفسير نور، ص: 16

قُلْ مَنْ كَانَ عَدُوّاً لِّجِبْرِيْلَ فإِنَّهُ نَزَّلَهُ عَلَى قَلْبِكَ بِإِذْنِ اللَّهِ مُصَدِّقاً لِّمَا بَيْنَ يَدَيْهِ وَ هُدىً وَ بُشْرى لِلْمُؤمِنينَ

اے رسول کہہ دیجئے کہ جو شخص بھی جبرائیل کا دشمن ہے اسے معلوم ہونا چاہئے کہ جبرائیل نے آپ کے دل پر قرآن حکم خدا سے اتارا ہے جو سابق کتابوں کی تصدیق کرنے والاً ہدایت اور صاحبانِ ایمان کے لئے بشارت ہے (سوره بقره: 97)

سوال: یہودی کیوں حضرت جبرائیلؑ کے دشمن تھے؟

جواب: وه یہودی کہ جو رسول اکرمؐ کے پاس آئے، انہوں نے آپؐ سے پوچھا کہ اس فرشتے کا نام کیا ہے جو آپؐ پر وحی لاتا ہے؟ آپؐ نے جواب دیا: جبرائیلؑ. یہودیوں نے کہا: اگر میکائیلؑ ہوتے تو ہم آپؐ پر ایمان لے آتے کیونکہ جبرائیل مشکل احکام لاتے ہیں مثلاً جہاد لیکن میکائیل کے احکام آسان ہیں!

ہاں! ہٹ دھرم انسان حتی فرشتوں پر بھی تهمت لگاتے ہیں. وه فرشتے کہ جنہیں خدا معصوم قرار دیتا ہے اور ان کے بارے میں فرماتا ہے کہ: ”لا یعصون الله ما امرهم” وه بالکل بھی الله تعالی کے حکم سے نافرمانی نہیں کرتے. وه یہودی جبرائیل سے دشمنی کی دلیل مشکل احکام کو لانا اور میکائیل سے دوستی کی دلیل آسان احکام کو لانا قرار دیتے ہیں، بالکل شریر بچے کی طرح کہ ریاضی کے استاد کو برا اور ورزش کے استاد کو اچھا سمجھتا ہے حالانکہ دونوں ہی اس کے تعلیم و تربیت کے لئے کام کرتے ہیں.

تمثيلات تفسير نور، ص: 16، 17

أَمْ تُرِيدُونَ أَنْ تَسْئَلُوا رَسُولَكُمْ كَمَا سُئِلَ مُوسَى مِنْ قَبْلُ وَمَنْ يَتَبَدَّلِ الكُفْرَ بِالإيمَانِ فَقَدْ ضَلَّ سَوَآءَ الْسَّبِيلِ

اے لوگو! کیا تم یہ چاہتے ہو کہ اپنے رسول سے ویسا ہی مطالبہ کرو جیسا کہ موسٰی علیہ السّلام سے کیا گیا تھا تو یاد رکھو کہ جس نے ایمان کو کفر سے بدل لیا وہ بدترین راستہ پر گمراہ ہوگیا ہے (سوره بقره: 108)

سوال: کیا یہ ضروری نہیں کہ پیغمبران ہر معجزه کی درخواست کو قبول کر لیں؟

جواب: معجزه دکھانا اتمام حجت اور دعوت پیغمبر کی سچائی کو ثابت کرنے کے لئے ہے لیکن ضروری نہیں ہے کہ ہر شخص کی ہر درخواست کہ جو اس کی مرضی اور خواہش کے مطابق ہو اسے قبول کیا جائے. ایک انجینئر یا آرٹسٹ اپنی مهارت ثابت کرنے کے لئے چند نمونے بنا کر پیش کرتا ہے لیکن یہ ضروری نہیں کہ ہر کسی کے لئے ایک گھر بنائے یا ہر کسی کے لئے پینٹنگ کا الگ سے نمونہ بنائے!

تمثيلات تفسير نور، ص: 18

مَا نَنْسَخْ مِنْ آيَهٍ أَوْ نُنْسِهَا نَأْتِ بِخَيْرٍ مِّنْهَآ أَوْ مِثْلِهَا أَلَمْ تَعْلَمْ أَنَّ اللَّهَ عَلَى كُلِّ شَى‏ءٍ قَدِيْرٌ

اور اے رسول ہم جب بھی کسی آیت کو منسوخ کرتے ہیں یا دلوں سے محو کردیتے ہیں تو اس سے بہتر یا اس کی جیسی آیت ضرور لے آتے ہیں. کیا تم نہیں جانتے کہ اللہ ہر شے پر قادر ہے (سوره بقره: 106)

سوال: کیوں بعض آیات نے دوسری بعض آیات کے حکم کو منسوخ کر دیا ہے؟

جواب: یہ آیت یہودیوں کی منفی تبلیغات کے جواب کے لئے ہے. وه سوال کرتے تھے کہ ایسا کیوں ہے کہ اسلام میں بعض قوانین تبدیل ہو جاتے ہیں؟ قبلہ بیت المقدس سے خانہ کعبہ کی طرف کیوں تبدیل ہوا؟ اگر پہلا حکم صحیح تھا تو پھر یہ دوسرا حکم کیا ہے؟ اور اگر دوسرا حکم صحیح ہے تو پھر تمهارے پہلے اعمال باطل ہیں.

قرآن ان اعترضات کا جواب دیتا ہے: ہم کسی بھی حکم کو منسوخ نہیں کرتے یا اسے تاخیر کا شکار نہیں کرتے مگر یہ کہ اس سے بهتر یا اسی کے جیسا اس کی جگہ لے آتے ہیں. وه ان احکام کے اهداف اور ان کے تربیتی، سیاسی اور معاشرے پر پڑنے والے اثرات سے غافل ہیں.

اسی طرح جس طرح ڈاکٹر ایک مرحلے میں بیمار کے لئے ایک خاص دوا تجویز کرتا ہے لیکن جب مریض کی طبیعت تھوڑی بہتر ہو جاتی ہے تو اس کے علاج معالجے کے طریقے اور دوائی کو تبدیل کر دیتا ہے. یا استاد شاگرد کے آگے بڑهنے پر اس کے تعلیمی سلیبس کو تبدیل کرتا ہے (اسی طرح) الله تعالی بھی مختلف زمانوں اور مختلف حالات میں انسان کو تکامل تک پہنچانے والے پروگرام کو تبدیل کر دیتا ہے.

ہاں! احکام کا تبدیل ہونا اس بات کی دلیل نہیں ہے که پہلے احکام غلط تھے بلکہ یہ نئے مسائل کی طرف توجہ کی نشانی اور ایک حکمت آمیز تبدیلی ہے؛ بالکل کتاب اور استاد کی تبدیلی کی طرح. اگر نئے سال میں کتابیں اور اساتید تبدیل ہوئے تو یہ اس بات کی دلیل نہیں ہے کہ پہلے والے اساتید اور کتابیں بے فائده تھیں بلکہ یہ ایک حکمت کی وجہ سے ہے اور وه طالبعلوں کی علمی سطح کا بڑهنا ہے.

تمثيلات تفسير نور، ص: 17-18

وَمَنْ أَظْلَمُ مِمَّنْ مَّنَعَ مَسَاجِدَ اللَّهِ أَنْ يُذْكَرَ فِيهَا اسْمُهُ وَسَعَى فى خَرَابِهَا اؤلَئِكَ مَا كَانَ لَهُمُ أَنْ يَدْخُلُوهَآ إلّا خَآئِفِينَ لَهُمْ فِى الدُّنْيَا خِزْىٌ وَلَهُمْ فِى اخِرَهِ عَذَابٌ عَظِيمٌ‏

اور اس سے بڑھ کر ظالم کون ہوگا جو مساجد خدا میں اس کا نام لینے سے منع کرے اور ان کی بربادی کی کوشش کرے. ان لوگوں کا حصّہ صرف یہ ہے کہ مساجد میں خوفزدہ ہوکر داخل ہوں اور ان کے لئے دنیا میں رسوائی ہے اور آخرت میں عذاب عظیم (سوره بقره: 114)

سوال: دشمنوں کی نظر میں مسجد کا تصوّر کیسا ہونا چاہئے؟

جواب: ضروری ہے کہ مسجد ایک آگاه اور باعمل پیش امام رکھتی ہو اور ایک هیڈ کوارٹر کی طرح ہو. اسی طرح کہ جس طرح جاسوس، ملک کی مسلح قوتوں کے مراکز میں نفوذ سے وحشت کھاتا ہے اور پریشان ہوتا ہے لازمی ہے کہ دشمن اور مخالف افراد بھی مساجد میں اثر انداز ہونے سے ڈریں اور پریشان ہوں. ”ما کان لهم ان یدخلوها الّا خائفین” یعنی ان لوگوں کا حصّہ صرف یہ ہے کہ مساجد میں خوفزدہ ہوکر داخل ہوں.

تمثيلات تفسير نور، ص: 19

وَقَالَ الَّذِينَ لَا يَعْلَمُونَ لَوْلَا يُكَلِّمُنَا اللَّهُ أَوْ تَأتِينَا آيَهٌ كَذَ لِكَ قَالَ الَّذِينَ مِنْ قَبْلِهِمْ مِّثْلَ قَوْلِهِمْ تَشَابَهَتْ قُلُوبُهُمْ قَدْ بَيَّنَّا ايَاتِ لِقَوْمٍ يُوقِنُونَ‏

یہ جاہل مشرکین کہتے ہیں کہ خدا ہم سے کلام کیوں نہیں کرتا اور ہم پر آیت کیوں نازل نہیں کرتا. ان کے پہلے والے بھی ایسی ہی جہالت کی باتیں کرچکے ہیں. ان سب کے دل ملتے جلتے ہیں اور ہم نے تو اہلِ یقین کے لئے آیات کو واضح کردیا ہے (سوره بقره: 118)

سوال: کیا ہر انسان پر وحی نازل ہونے کی درخواست صحیح ہے؟

جواب: اس طرح کی توقعات یا تکبر اور خود کو بڑا سمجھنے کی وجہ سے ہے یا جهل و نادانی کی وجہ سے.

وه جو جاهل ہے نہیں جانتا کہ وحی کے فرشتے کا ہر دل پر نازل ہونا ممکن نہیں اور سمجھدار شخص صاف شفاف اور میٹھے شربت کو ہر برتن میں نہیں ڈالتا. سوره انفال کی آیت 29 میں پڑهتے ہیں کہ اگر تمهارا کردار صحیح اور دل پاک ہو تو تمهیں فرقان اور حق و باطل میں تمیز کرنے کی صلاحیت دے دیتے.

تمثيلات تفسير نور، ص: 19-20

صِبْغَهَ اللَّهِ وَمَنْ أَحْسَنُ مِنَ اللَّهِ صِبْغَهً وَنَحْنُ لَهُ عَابِدُونَ

رنگ تو صرف اللہ کا رنگ ہے اور اس سے بہتر کس کا رنگ ہوسکتا ہے اور ہم سب اسی کے عبادت گزار ہیں (سوره بقره: 138)

سوال: ہم کس طرح اپنے تمام کاموں کو الهی رنگ میں ڈهال سکتے ہیں؟

جواب: الهی رنگ سے مراد یہ ہے کہ ہم لوگ کاموں کو الله تعالی کی خوشنودی کے لئے انجام دیں. ہم اپنے ہر کام کو الهی رنگ دے سکتے ہیں مثلاً:

جب بھی منہ دهونا ہو وضو کا اراده کرلیں، جب بھی بیٹھیں رسول اکرمؐ کی طرح قبلہ رو ہو کر بیٹھیں،

ڈگری اور مقام کے بجائے خدا کی رضا کے لئے تعلیم حاصل کریں،

بیوی کے لئے جو کپڑے خریدتے ہیں، اس کی مناسبت مذهبی عیدوں کو قرار دیں…، اپنے بچوں کے لئے جو تحفہ خریدتے ہیں، ایک معنوی کمال(یعنی اچھی صفت مثلاً نماز، روزے کی عادت، جھوٹ سے پرهیز وغیره) حاصل کرنے کی مناسبت سے ہو.

تمثيلات تفسير نور، ص 20

يَأَيُّهَا الَّذِينَ آمَنُواْ اسْتَعِينُوا بِالصَّبْرِ والصَّلاهِ إِنَّ اللَّهَ مَعَ الصَّابِرِينَ

ایمان والو! صبر اور نماز کے ذریعہ مدد مانگو کہ خدا صبر کرنے والوں کے ساتھ ہے (سوره بقره: 153)

سوال: نماز سے کس طرح مشکلات کے حل کے لئے مدد لے سکتے ہیں؟

جواب: بالکل اسی طرح جس طرح ایک بچے پر جب سخت وقت آتا ہے تو اپنے والدین کے پاس پناه لیتا ہے اور ان کو آواز دیتا ہے، انسان بھی ہر مشکل کے آنے پر خدا کی لامحدود قدرت کی طرف جاتا ہے.

اسی طرح جس طرح اگر بچہ اپنے ہاتھ کو والدین کے ہاتھ پر رکھے تو سکون حاصل کرتا ہے، انسان بھی نماز کی وجہ سے خدا کی یاد میں چلا جاتا ہے اور سکون حاصل کرتا ہے.

تمثيلات تفسير نور، ص 21

الَّذِينَ إِذَ آ أَصَابَتْهُمْ مُّصِيبَهٌ قَالُواْ إِنَّا لِلَّهِ وَإِنَّآ إِلَيْهِ رَاجِعُونَ جو مصیبت پڑنے کے بعد یہ کہتے ہیں کہ ہم اللہ ہی کے لئے ہیں اور اسی کی بارگاہ میں واپس جانے والے ہیں (سوره بقرة: 156) سوال: مشکلات و مصائب اور سختیوں کی کیا وجہ ہے؟ جواب: ناپسندیده چیزیں دو طرح کی ہوتی ہیں؛ یعنی ان میں سے کچھ خود ہمارے اختیار میں ہیں اور کچھ ہمارے اختیار میں ںہیں. بہت سے ناگوار واقعات خود ہماری عدم توجہ اور صحیح ایڈمنسٹریٹ نہ کرنے کی وجہ سے پیش آتے ہیں. اگر ہم نے حفظان صحت کے اصولوں، ڈرائیونگ کے قوانین اور اجتماعی آداب کی رعایت نہیں کی اور پھر ہم بیماریوں، حادثات اور تحقیر کا شکار ہو گئے تو اس میں قصوروار ہم خود ہی ہیں. البتہ دوسری قسم کے واقعات جو ہمارے اختیار میں نہیں، ان کی کئی وجوہات ہیں جیسے: الف) کچھ ناگوار واقعات اس لیے پیش….. Read More »

الَّذِينَ إِذَ آ أَصَابَتْهُمْ مُّصِيبَهٌ قَالُواْ إِنَّا لِلَّهِ وَإِنَّآ إِلَيْهِ رَاجِعُونَ

جو مصیبت پڑنے کے بعد یہ کہتے ہیں کہ ہم اللہ ہی کے لئے ہیں اور اسی کی بارگاہ میں واپس جانے والے ہیں (سوره بقرة: 156)

سوال: مشکلات اور سختیوں کے پیش آنے کے حوالے سے کتنے قسم کے لوگ پائے جاتے ہیں؟

جواب: اس معاملے میں تین طرح کے لوگ پائے جاتے ہیں:

الف) ایک گروه ایسا ہے جو چیخ و پکار کرتا ہے «اذا مسّه الشّر جزوعاً» (سوره معارج: 20)

ب) ایک اور گروه صبر اور بردباری کا مظاہره کرتا ہے «وبشّر الصابرين» (سوره بقره: 155)

ج) جبکہ ایک اور گروه صبر کرنے کے علاوه شکر بھی ادا کرتا ہے «اللّهم لك الحَمد حَمد الشّاكرين لَك‏ على مُصابهم» (زیارت عاشوره)

اس طرح کے مختلف ردّعمل اس بات کی نشاندہی کرتے ہیں کہ ہر شخص کے پاس پیش آنے والی سختیوں اور مشکلات کے حوالے سے کتنی معرفت ہے. ویسے ہی جیسے ایک بچہ تیز پیاز کھانے کے بعد بے تابی کا مظاہره کرتا ہے جبکہ نوجوان اسے برداشت کرتا ہے لیکن بڑے پیسے دیتے ہیں تا کہ پیاز خریدیں اور اسے کھائیں.

تمثیلات تفسير نور، 22-23

إِنَّ الصَّفَا وَ الْمَرْوَهَ مِنْ شَعَآئِرِ اللَّهِ فَمَنْ حَجَّ الْبَيْتَ أَوِ اعْتَمَرَ فَلَا جُنَاحَ عَلَيْهِ أَنْ يَطَّوَّفَ بِهِمَا وَمَنْ تَطَوَّعَ خَيْراً فَإِنَّ اللَّهَ شَاكِرٌ عَلِيم‏

بے شک صفا اور مروہ دونوں پہاڑیاں اللہ کی نشانیوں میں ہیں لہٰذاجو شخص بھی حج یا عمرہ کرے اس کے لئے کوئی حرج نہیں ہے کہ ان دونوں پہاڑیوں کا چکر لگائے اور جو مزید خیر کرے گا تو خدا اس کے عمل کا قدردان اوراس سے خوب واقف ہے (سوره بقره: 158)

سوال: مشرکین اور مسلمان دونوں صفا اور مروه کے درمیان ‘سعی’ کرتے تهے تو پهر ان دو گروہوں کے عمل میں کیا فرق ہے؟

جواب: نیت اعمال کو قدر و منزلت عطا کرتی ہے. مشرکین بتوں کی پوجا کے لئے ‘سعی’ کرتے تھے، لیکن قرآن فرماتا ہے: خدا کی رضا کے لئے ‘سعی’ کرو.

بہت سے کاموں کا ظاہر ایک جیسا ہوتا ہے لیکن ان کاموں کو انجام دینے کی وجہ الگ الگ ہوتی ہے مثلاً حضرت یوسفؑ اور زلیخا کا بند دروازوں کی طرف بھاگنا، یوسفؑ بھاگتے ہیں کہ گناه سے فرار کریں لیکن زلیخا بھاگتی ہے کہ گناه کرے.

تمثيلات تفسير نور، ص 23

يَا أَيُّهَا الَّذِينَ آمَنُواْ كُلُواْ مِنْ طَيِّبَاتِ مَا رَزَقْنَاكُمْ وَ اشْكُرُواْ لِلَّهِ إِنْ كُنْتُمْ إِيَّاهُ تَعْبُدُون‏

اے ایمان والو! جو پاک و پاکیزہ چیزیں ہم نے تمہیں دی ہیں ان میں سے کھاؤ۔ اور اللہ کا شکر کرو۔ اگر تم اس کی عبادت و پرستش کرتے ہو۔ (سوره بقره: 172)

سوال: سوره بقره کی 168 ویں آیت میں ہے: اے انسانو! زمین میں جو حلال اور پاکیزہ چیزیں ہیں وہ کھاؤ۔ اور اس آیت میں فرمایا: اے ایمان والو! جو پاک و پاکیزہ چیزیں ہم نے تمہیں دی ہیں ان میں سے کھاؤ۔ ان دو آیتوں میں مخاطب کرنے کا انداز مختلف کیوں ہے؟

جواب: شاید مخاطب کرنے کے مختلف انداز میں کوئی راز چھپا ہو اور وه یہ کہ رزق پہنچانے کا اصلی مقصد مومنین ہیں، لیکن دوسرے لوگ بھی ان کے ساتھ ساتھ فائده اٹھا لیتے ہیں۔

بالکل ایک باغبان کی طرح کہ اُس کا پانی دینے کا اصلی مقصد پھولوں اور پھلوں کا بڑھنا ہے، اگرچہ جھاڑیاں اور کانٹے بھی بڑے ہو جاتے ہیں۔

تمثيلات تفسير نور، ص 24

‏إِنَّمَا حَرَّمَ عَلَيْكُمُ الْمَيْتَهَ وَالدَّمَ وَلَحْمَ الْخِنْزِيرِ وَمَآ أُهِلَّ بِهِ لِغَيْرِ اللَّهِ فَمَنِ اضْطَّرَ غَيْرَ بَاغٍ وَ لا عَادٍ فَلا إِثْمَ عَلَيْهِ إِنَّ اللَّهَ غَفُورٌ رَّحِيمٌ‏

اس نے تمہارے اوپر بس مردار، خون، سور کا گوشت اور جو غیر خدا کے نام پر ذبح کیا جائے اس کو حرام قرار دیا ہے پھر بھی اگر کوئی مضطر ہو جائے اور حرام کا طلب گار اور ضرورت سے زیادہ استعمال کرنے والا نہ ہو تو اس کے لئے کوئی گناہ نہیں ہے. بیشک خدا بخشنے والا اور مہربان ہے. (سوره بقرة: 173)

سوال: کیا الله تعالی کی طرف سے حرام کی گئی چیزیں صرف طبّی مسائل اور حفظان صحت کے اصولوں کی وجہ سے حرام کی گئی ہیں؟

جواب: جی نہیں! بلکہ کبھی حرمت کی وجوہات اعتقادی، فکری اور تربیتی بھی ہوتی ہیں.

شاید ایسے حیوان کا گوشت کھانے کی حرمت کی وجہ جس پر غیرِ خدا کا نام لیا گیا ہو شرک سے دوری اختیار کرنا ہو؛

ویسے ہی جس طرح کبھی کسی شخص کے ہاتھ کا بنا ہوا کھانا کھانے سے انکار اس کے حفظان صحت کے اصولوں کا خیال نہ رکھنے کی وجہ سے ہوتا ہے اور کبھی اس سے بے رخی اختیار کرنے یا اس پر اعتراض کرنے کی وجہ سے ہوتا ہے.

تمثیلات تفسير نور، 24-25

وَ لَكُمْ فِى الْقِصَاصِ حَيَاهٌ يَا أُوْلِى الْأَلْبَابِ لَعَلَّكُمْ تَتَّقُونَ‏

صاحبانِ عقل تمہارے لئے قصاص میں زندگی ہے کہ شاید تم اس طرح متقی بن جاؤ (سوره بقره: 179)

سوال: کیا قصاص ایک ذاتی معاملہ اور ذاتی انتقام ہے؟

جواب: قصاص کا مقصد صرف قاتل سے انتقام لینا نہیں بلکہ یہ معاشرے میں امن قائم کرنے کا ضامن ہے. ایک ایسا معاشره جہاں قاتل کا قصاص نہ کیا جائے وه معاشره عدالت اور امن سے خالی ہو جاتا ہے اور ایسا معاشره زنده نہیں مرده ہے.

میڈیکل، زراعت اور لائیو سٹاک کی طرح انسان، حیوان اور فصلوں کی زندگی اور صحت و سلامتی کے لئے ضروری ہے کہ کیڑوں مکوڑوں اور جراثیم کا خاتمہ کیا جائے.

تمثيلات تفسير نور، ص 25

وَإِذَا سَأَلَكَ عِبَادِي عَنِّي فَإِنِّي قَرِيبٌ ۖ أُجِيبُ دَعْوَةَ الدَّاعِ إِذَا دَعَانِ ۖ فَلْيَسْتَجِيبُوا لِي وَلْيُؤْمِنُوا بِي لَعَلَّهُمْ يَرْشُدُونَ

اور اے پیغمبرؐ! اگر میرے بندے تم سے میرے بارے میں سوال کریں تو میں ان سے قریب ہوں. پکارنے والے کی آواز سنتا ہوں جب بھی پکارتا ہے لہٰذا مجھ سے طلب قبولیت کریں اور مجھ ہی پر ایمان و اعتماد رکھیں کہ شاید اس طرح راه راست پر آجائیں (سوره بقرة: 186)

سوال: جب یہ بات طے ہے کہ الله تعالی کے کام مستقل اور تبدیل نہ ہونے والے قوانین اور اصولوں کے مطابق انجام پاتے ہیں تو پھر اس معاملے میں دعا کا کیا کردار ہے؟

جواب: دعا اور توسل کرنا قطعی الہی قوانین اور اصولوں کے تبدیل ہونے کا باعث نہیں بنتے بلکہ کاموں کی حالت کے تبدیل ہونے کا باعث بنتے ہیں.

جیسے سفر میں نماز اور روزے کا حکم اپنے وطن میں موجود ہونے کی حالت سے مختلف ہے.

خدا سے غافل انسان ایک ایسے شخص سے مختلف ہے جو خدا کی بارگاه میں اہلِ دعا و مناجات ہے اور الله کا قانون اہلِ دعا پر رحمت نازل کرنا ہے نہ غافل انسان پر.

جی ہاں! دعا کرنا اور الله تعالی سے گفتگو کرنا خدا کے لطف و کرم کے حصول کے لیے انسان کی ظرفیت کو بڑھا دیتے ہیں. اسی طرح توسل کرنا اور اولیاء خدا کی زیارت کرنا بھی انسان کے حالات کو تبدیل کر دیتے ہیں.

ویسے ہی جیسے اگر بچہ اپنے والد کے ساتھ کسی کے ہاں دعوت پر جائے تو اسے تنہا جانے کے مقابلے میں زیاده محبت حاصل ہو گی.

تمثیلات تفسير نور، 25-26

هُنَّ لِبَاسٌ لَّكُمْ وَأَنتُمْ لِبَاسٌ لَّهُنَّ ۗ وہ (عورتیں) تمہارا لباس ہیں اور تم ان کا لباس ہو (سوره بقرة: 187) سوال: میاں بیوی کو ایک دوسرے کے لباس سے کس لیے تشبیہ دی گئی ہے؟ جواب: اس تشبیہ میں بہت لطیف نکات پوشیده ہیں مثلاً: الف) ضروری ہے کہ لباس کا سائز، رنگ اور اس کا مٹیریل انسان کے لیے مناسب ہو، اسی طرح میاں بیوی کے لیے بھی ضروری ہے کہ وه آپس میں ہم کفو اور فکری، تہذیبی اور شخصیت کے لحاظ سے ایک دوسرے کے لیے مناسب ہوں. ب) لباس انسان کی زینت اور آرام و سکون کا باعث بنتا ہے، اسی طرح میاں بیوی اور بچے بھی ایک گھرانے کی زینت اور اس کے آرام و سکون کا باعث بنتے ہیں. ج) لباس انسان کے عیوب کو ڈھانپتا ہے، اسی طرح ضروری ہے کہ میاں اور بیوی بھی ایک دوسرے کے عیوب اور ان میں….. Read More »

حَافِظُواْ عَلَى الصَّلَوَاتِ وَ الصَّلاهِ الْوُسْطَى وَ قُومُواْ لِلَّهِ قَانِتِينَ‏

اپنی تمام نمازوں اور بالخصوص نماز وسطٰی کی محافظت اور پابندی کرو اور اللہ کی بارگاہ میں خشوع و خضوع کے ساتھ کھڑے ہوجاؤ (سوره بقره: 238)

سوال: نماز کی حفاظت کس طرح ممکن ہے؟

جواب: ہر چیز کے حفاظتی اقدامات خود اُس چیز کے مطابق ہونے چاہئیں؛ مال کی حفاظت چور کی پہنچ سے دور رکھنے میں ہے، جسم کی حفاظت جراثیم سے، روح کی حفاظت اخلاقی برائیوں جیسے لالچ، حسد اور تکبر وغیره سے اور بچے کی حفاظت برے دوست سے دوری میں ہے.

لیکن نماز کی حفاظت اُس کے رازوں سے آشنائی، اسے وقت پر ادا کرنے، صحیح انجام دینے، اس کے احکام اور آداب کو سیکھنے، عبادت کے مراکز کی حفاظت اور نماز پڑھتے ہوئے توجہ مرکوز رکھنے میں ہے.

تمثیلات تفسير نور، ص 29

كَانَ النَّاسُ امَّهً وَاحِدَهً فَبَعَثَ اللَّهُ النَّبِيِّينَ مُبَشِّرِينَ وَ مُنْذِرِينَ وَ أَنْزَلَ مَعَهُمُ الْكِتَابَ بِالْحَقِّ لِيَحْكُمَ بَيْنَ النَّاسِ فِيمَا اخْتَلَفُوا فِيهِ وَ مَا اخْتَلَفَ فِيهِ إِلّا الَّذِينَ أُوتُوهُ مِنْ بَعْدِ مَا جَآءَتْهُمُ الْبَيِّنَاتُ بَغْياً بَيْنَهُمْ فَهَدَى اللَّهُ الَّذِينَ آمَنُوا لِمَا اخْتَلَفُوا فِيهِ مِنَ الْحَقِّ بِإِذْنِهِ وَاللَّهُ يَهْدِى مَنْ يَشَاءُ إِلى صِرَاطٍ مُسْتَقِيم‏

( فطری اعتبار سے) سارے انسان ایک قوم تھے . پھر اللہ نے بشارت دینے والے اور ڈرانے والے انبیاء بھیجے اور ان کے ساتھ برحق کتاب نازل کی تاکہ لوگوں کے اختلافات کا فیصلہ کریں اور اصل اختلاف ان ہی لوگوں نے کیا جنہیں کتاب مل گئی ہے اور ان پر آیات واضح ہوگئیں صرف بغاوت اور تعدی کی بنا پر- تو خدا نے ایمان والوں کو ہدایت دے دی اور انہوں نے اختلافات میں حکم الٰہی سے حق دریافت کرلیا اور وہ تو جس کو چاہتا ہے صراط مستقیم کی ہدایت دے دیتا ہے (سوره بقره: 213)

سوال: کیا ہر اختلاف کی مذمت کی گئی ہے؟ اور قرآن کس طرح کے اختلاف پر تنقید کرتا ہے؟

جواب: قرآن نے ہٹ دھرمی کے ساتھ اختلاف کی مذمت کی ہے کہ جس میں انسان انبیاء اور الله تعالی کے قانون کو بھی قبول کرنے کے لئے تیار نہ ہو! ورنہ اس اختلاف میں کوئی مسئلہ نہیں کہ جس کا اختتام حق کے سامنے تسلیم ہو جانا ہو.

ترازو کے دونوں پلڑوں کے اختلاف کی طرح کہ دونوں ایک دوسرے کے مخالف حرکت کرنے کے دوران عدل تک پہنچنے کی کوشش کرتے ہیں. ”تو خدا نے ایمان والوں کو ہدایت دے دی اور انہوں نے اختلافات میں حکم الٰہی سے حق دریافت کرلیا”

تمثيلات تفسير نور، ص 28

اللَّهُ لَا إِلٰهَ إِلَّا هُوَ الْحَيُّ الْقَيُّومُ…

اللہ جس کے علاوہ کوئی خدا نہیں ہے زندہ بھی ہے اوراسی سے کل کائنات قائم ہے… (سوره بقره: 255)

سوال: زنده چیزوں کا خدا کے “حیّ اور قیوم” ہونے کے ساتھ کیا ارتباط ہے؟

جواب: ہر زنده چیز اپنی زندگی کے جاری رہنے کے لئے اپنی حیات کے سرچشمے سے متصل رہنے کی محتاج ہے بالکل اسی طرح جس طرح ٹیوب لائٹ کو روشنی دینے کے لئے بجلی سے متصل ہونے کی ضرورت ہوتی ہے.

دنیا میں موجود تمام چیزوں کے لئے ضروری ہے کہ اپنے زنده ہونے کے لئے “حیّ” سے اپنی زندگی لیں اور زندگی کو آگے بڑهانے کے لئے “قیوم” سے اپنا نصیب و قوت و توانائی لیں.

تمثیلات تفسير نور، ص 30

مَنْ ذَا الَّذِى يَشْفَعُ عِنْدَهُ إِلَّا بِإِذْنِهِ…

کون ہے جو اس کی بارگاہ میں اس کی اجازت کے بغیر سفارش کرسکے… (سوره بقره: 255)

سوال: شفاعت کا کیا معنی ہے؟

جواب: شفاعت یہ ہے کہ ایک طاقتور موجود کمزور موجود کی مدد کرے. مثلاً نظام خلقت میں روشنی، پانی، ہوا اور زمین پودے کے بیج کی مدد کرتے ہیں تاکہ وه درخت بن سکے. جزا اور سزا کے نظام میں بھی اولیاء الله گناہگار اور کمزور ایمان والے انسانوں کی مدد کرتے ہیں تا کہ وه نجات پا سکیں. لیکن یہ امداد خدا کے کمزور ہونے(نعوذبالله) یا اُس کے اثرپذیر ہونے پر دلالت نہیں کرتی، کیونکہ وه خود ہی ہے جو اپنے اولیاء کو شفاعت کا مرتبہ اور اس کی اجازت دیتا ہے.

تمثیلات تفسير نور، ص 30-31

اللَّهُ لا إِلَهَ إِلَّا هُوَ الْحَى الْقَيُّومُ لا تَأْخُذُهُ سِنَهٌ وَ لا نَوْمٌ لَهُ مَا فِى السَّمَوَاتِ وَ مَا فِى الْأَرْضِ مَنْ ذَا الَّذِى يَشْفَعُ عِنْدَهُ إِلَّا بِإِذْنِهِ يَعْلَمُ مَا بَيْنَ أَيْدِيْهِمْ وَ مَا خَلْفَهُمْ وَ لا يُحِيطُونَ بِشَى‏ءٍ مِنْ عِلْمِهِ إِلَّا بِمَا شَآءَ وَسِعَ كُرْسِيُّهُ السَّمَوَاتِ وَ الْأَرْضَ وَ لا يَؤُدُهُ حِفْظُهُمَا وَ هُوَ الْعَلِىُّ الْعَظِيم‏

اللہ جس کے علاوہ کوئی خدا نہیں ہے زندہ بھی ہے اوراسی سے کل کائنات قائم ہے اسے نہ نیند آتی ہے نہ اُونگھ آسمانوں اور زمین میں جو کچھ بھی ہے سب اسی کا ہے. کون ہے جو اس کی بارگاہ میں اس کی اجازت کے بغیر سفارش کرسکے. وہ جو کچھ ان کے سامنے ہے اور جو پسِ پشت ہے سب کوجانتا ہے اور یہ اس کے علم کے ایک حصہ کا بھی احاطہ نہیں کرسکتے مگر وہ جس قدر چاہے. اس کی کرسی علم و اقتدار زمین و آسمان سے وسیع تر ہے اور اسے ا ن کے تحفظ میں کوئی تکلیف بھی نہیں ہوتی وہ عالی مرتبہ بھی ہے اور صاحبِ عظمت بھی (سوره بقره: 255)

سوال: کیا غیرِ خدا کو ہر طرح سے پکارنا شرک ہے؟

جواب: نہیں، غیرِ خدا کی عبادت کرنا شرک ہے، لیکن غیرِ خدا کو پکارنا ہر جگہ شرک نہیں ہے.

یہ جملے: «يدعوك»، «يدعوكم»، «يدعون»، «ندع» و «دعاء الرسول» جو کہ قرآن میں آئے ہیں، پکارنے کے لئے ہیں کہ جن کا شرک سے کوئی تعلق نہیں ہے. البتہ ہر طرح کا پکارنا قابلِ قدر نہیں ہے، بیمار اگر ڈاکٹر کو بلائے تو حق ہے، لیکن اگر فال نکالنے والے کو بلائے تو باطل ہے.

تمثیلات تفسير نور، ص 31

وَ مَآ أَنْفَقْتُمْ مِنْ نَفَقَهٍ أَوْ نَذَرْتُمْ مِّن نَذْرٍ فَإِنَّ اللَّهَ يَعْلَمُهُ وَ مَا لِلظَّالِمِينَ مِنْ أَنْصَارٍ

اور تم جو کچھ بھی راه خدا میں خرچ کرو گے یا نذر کرو گے تو خدا اس سے باخبر ہے البتہ ظالمین کا کوئی مددگار نہیں ہے (سوره بقره: 270)

سوال: کیا یہ لازمی ہے کہ زیاده مال انفاق کیا جائے یعنی کیا تھوڑے مال کا انفاق کرنا قابلِ قبول نہیں؟

جواب: نہیں، تھوڑی مقدار میں مال بھی انفاق کریں. “من نفقہ”، بعض اوقات ایک زرد اور سوکھا پتا بھی بہت سی چیونٹیوں کے لئے کشتی بن جاتا ہے.

اس کے علاوه کبھی کبھی کم مقدار میں ہی امداد کی ضرورت ہوتی ہے اور اس سے زیاده کی ضرورت نہیں ہوتی. اگر ہاتھ کی جلد پر خراش لگ جائے تو پتلے سے کپڑے کا ایک ہی ٹکڑا کافی ہے جبکہ کمبل اور لحاف کا کوئی فائده نہیں. ٹیکے کی پتلی سی سوئی، دوائی کو مریض کے بدن میں پہنچاتی ہے اور اسے نجات دے دیتی ہے جبکہ لوہے کا سریا یہ کام نہیں کر سکتا.

حدیث میں ہے کہ کسی بھی اچھے کام کو چھوٹا نہ سمجھو کیونکہ شاید وہی تمہاری نجات کا باعث بن جائے؛ اور کسی بھی گناه کو چھوٹا نہ سمجھو کیونکہ شاید وہی تمہاری ناکامی کا باعث بن جائے. جیسا کہ کیل یا سوئی کا گیند میں جانا، فٹبال کے پورے میچ کو درهم برهم کر دیتا ہے.

تمثیلات تفسير نور، ص 31-32

بِسْمِ اللَّه الرَّحْمَنِ الرَّحِيمِ‏

سوال: کیا خدا کی رحمت اور دوسروں کا رحم کرنا ایک جیسا ہے؟

جواب: الله تعالی کی رحمت اس دنیا اور اس جہان میں سب کے لئے اور ہر سو پھیلی ہوئی ہے.

لیکن دوسرے لوگ یا رحم نہیں کرتے یا ان کا رحم کرنا مخصوص افراد، خاص زمانے، یا مخصوص علاقے کے لئے محدود ہوتا ہے اور کبھی کبھی ان کا رحم کرنا دوسروں کے کیے ہوئے رحم کے جواب میں ہوتا ہے، اس گھاس کی طرح جو جانوروں کو دیتے ہیں یا اس دانے کی طرح جو مرغیوں کو دیتے ہیں تا کہ اس سے فائده اٹھائیں.

ایسی رحمت جو ہر سو پھیلی اور ہمیشہ کے لئے ہو اور رحمت کرنے والا اس کا بدلہ بھی نہ چاہتا ہو، صرف الله تعالی سے متعلق ہے!

تمثیلات تفسير نور، ص 32

هُوَ الَّذِى أَنزَلَ عَلَيْكَ الْكِتَابَ مِنْهُ آيَاتٌ مُّحْكَمَاتٌ هُنَّ أُمُّ الْكِتَابِ وَ أُخَرُ مُتَشَابِهَاتٌ فَأَمَّا الَّذِينَ فِى قُلُوبِهِمْ زَيْغٌ فَيَتَّبِعُونَ مَا تَشَابَهَ مِنْهُ ابْتِغَآءَ الْفِتْنَهِ وَابْتِغَآءَ تَأْوِيلِهِ وَ مَا يَعْلَمُ تَأْوِيلَهُ إِلَّا اللَّهُ وَ الرَّاسِخُونَ فِى الْعِلْمِ يَقُولُونَ آمَنَّا بِهِ كُلٌّ مِّنْ عِنْدِ رَبِّنَا وَمَا يَذَّكَّرُ إِلَّآ أُوْلُواْ الْأَلْبَاب‏

اس نے آپ پروہ کتاب نازل کی ہے جس میں سے کچھ آیتیں محکم اور واضح ہیں جو اصل کتاب ہیں اور کچھ متشابہ ہیں – اب جن کے دلوں میں کجی ہے وہ ا ن ہی متشابہات کے پیچھے لگ جاتے ہیں تاکہ فتنہ برپا کریں اور من مانی تاویلیں کریں حالانکہ اس کی تاویل کا حکم صرف خدا کو ہے اور انہیں جو علم میں رسوخ رکھنے والے ہیں – جن کا کہنا یہ ہے کہ ہم اس کتاب پر ایمان رکھتے ہیں اور یہ سب کی سب محکم و متشابہ ہمارے پروردگار ہی کی طرف سے ہے اور یہ بات سوائے صاحبانِ عقل کے کوئی نہیں سمجھ سکتا ہے. (سوره آل عمران: 7)

سوال: قرآن میں متشابہ آیات کو کیوں استعمال کیا گیا ہے؟

جواب:

الف) یہ آیات سبب بنتی ہیں کہ لوگ آسمانی پیشواؤں کی طرف رجوع کریں کیونکہ اگر سارے سبق آسان ہوں تو شاگرد استاد کی ضرورت محسوس نہیں کرتا.

ب) متشابہ آیات لوگوں کی آزمایش اور امتحان کا ذریعہ ہیں. فکری انحراف رکھنے والا گروه انہیں متشابہ آیات میں سے اپنے برے اور گمراه مقاصد کے پیچھے جاتا ہے جبکہ علماءِ حق امام علی رضا علیہ السلام کے فرمان کے مطابق آیاتِ محکمات کی طرف رجوع کر کے ان متشابہ آیات کے صحیح معنی کو ڈھونڈ نکالتے ہیں.

مختصر توضیح:

آیاتِ متشابہ ان آیات کو کہتے ہیں جن میں ایسے الفاظ اور عبارتیں موجود ہوں جن کے مختلف معانی ہوں، اس طرح کہ اگر لفظی اور ظاهری ترجمہ کیا جائے تو اس کا مقصد سمجھ نہ آئے؛

اس کے مقابلے میں محکم آیات وه ہیں جو کہ خود بخود واضح ہیں اور ضروری نہیں کہ انہیں کسی اور آیت پر پلٹایا جائے تا کہ ان کے معنی واضح ہوں.

تمثیلات تفسير نور، ص 33

شَهِدَ اللَّهُ أَنَّهُ لآ إِلَهَ إِلَّا هُوَ وَ الْمَلائكَهُ وَ أُوْلُواْ الْعِلْمِ قَآئِمَاً بِالْقِسْطِ لآ إِلَهَ إِلَّا هُوَ الْعَزِيزُ الْحَكِيم‏

اللہ خود گواہ ہے کہ اس کے علاوہ کوئی خدا نہیں ہے ملائکہ اور صاحبانِ علم گواہ ہیں کہ وہ عدل کے ساتھ قائم ہے- اس کے علاوہ کوئی خدا نہیں ہے اور وہ صاحبِ عزّت و حکمت ہے. (سوره آل عمران: 18)

سوال: کیوں چند خدا نہیں ہو سکتے؟

جواب: ہر چیز جو متعدد ہو یعنی ایک سے زیاده ہو، وه محدود بھی ہے. ایک گھر جو لا محدود ہو تو وه ایک سے زیاده نہیں ہو سکتا. اگر ہم کہیں کہ فلاں بلب کی روشنی بے انتہا ہے تو پھر دوسرے بلب کے لئے جگہ ہی نہیں بچتی!!

الله لامحدود ہے کیونکہ اگر اس کی کوئی حد ہوتی تو وه کسی نہ کسی جہت سے محروم ہوتا؛ اور کوئی بھی لامحدود چیز متعدد نہیں ہو سکتی، لہذا خدا متعدد نہیں ہو سکتے؛ اور الله تعالی ایک اور یکتا ہے.

تمثیلات تفسير نور، ص 34

قُلِ اللَّهُمَّ مَالِكَ الْمُلْكِ تُؤْتِى الْمُلْكَ مَنْ تَشَآءُ وَ تَنْزِعُ الْمُلْكَ مِمَّنْ تَشَآءُ وَ تُعِزُّ مَنْ تَشَآءُ وَ تُذِلُّ مَنْ تَشَآءُ بِيَدِكَ الْخَيْرُ إِنَّكَ عَلَى كُلِّ شَى‏ءٍ قَدِير

پیغمبر آپ کہئے کہ خدایا تو صاحب اقتدار ہے جس کو چاہتا ہے اقتدار دیتا ہے اور جس سے چاہتا ہے سلب کرلیتا ہے – جس کو چاہتا ہے عزّت دیتا ہے اور جس کو چاہتا ہے ذلیل کرتا ہے – سارا خیر تیرے ہاتھ میں ہے اور تو ہی ہر شے پر قادر ہے. (سوره آل عمران: 26)

سوال: یہ جو کہا گیا ہے کہ الله تعالی جسے چاہتا ہے عزت دے دیتا ہے اور جسے چاہتا ہے ذلیل کر دیتا ہے، اس کا کیا مطلب ہے؟

جواب: الله تعالی حکیم ہے اور اس کے سارے کام حکمت سے بھرے ہوتے ہیں اگرچہ انسان اس کے کاموں کی حکمت کو سمجھ نہ سکے.

لہذا ان مقامات پر جہاں قرآن فرماتا ہے کہ خدا جسے چاہتا ہے اسے عزت دار یا ذلیل کر دیتا ہے تو اس کا مطلب یہ کہ وه لوگ جو ایمان اور عمل صالح کے ذریعے اپنے آپ کو عزت اور هدایت پانے کے قابل بنا لیتے ہیں، الله تعالی انہیں اپنی رحمت اور ہدایت کے راستے میں قرار دے دیتا ہے، لیکن وه لوگ جو کفر و نفاق و ہٹ دھرمی سے اپنے اندر موجود کامیابی کے ممکنہ اسباب کو اندھا کر دیتے ہیں، الله تعالی ان کے لئے (خیر کا) کوئی کام انجام نہیں دیتا.

اگر آپ گھر میں داخل ہوں اور دیکھیں کہ گھر میں چور ہے تو فوراً دروازے کو اس کے لئے بند کر دیتے ہیں تا کہ پولیس کو اطلاع دے سکیں. اس صورت میں یہ صحیح ہے کہ آپ نے اس کے لئے دروازے کو بند کیا ہے لیکن دروازے کے بند ہونے کے اسباب خود چور نے ہی فراہم کئے ہیں. الله تعالی بھی کچھ دلوں پر مہر لگا دیتا ہے، کسی گروه کو گمراه یا ذلیل کر دیتا ہے، لیکن الله تعالی کا یہ غضب خود ان افراد کے غلط عقیدے اور عمل کی وجہ سے ہوتا ہے.

تمثیلات تفسير نور، ص 34-35